لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اب جھوٹ اور منافقت کے ساتھ نہیں چل سکتا، اب نواز شریف نے سچ بولنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قربانیوں کی بنیاد پر جو صلہ ملنا چاہیے وہ نہیں مل رہا، نواز شریف نے اسی دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے کوئی نئی بات نہیں کی، ممبئی حملوں کے بعد یہی بات رحمان ملک نے بھی کی تھی۔ رحمان ملک نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد سات لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ محمود علی درانی نے تو تنظیم کا بھی نام لیا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی مقبولیت کو کم کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی بہانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے ان کی مقبولیت کم نہیں ہو گی۔ 22 کروڑ عوام نواز شریف کو محبِ وطن سمجھتے ہیں۔ نواز شریف پاکستان کیساتھ کھڑا ہے لیکن پرویز مشرف باہر بیٹھا ہوا ہے، اسے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
وزیرِ قانون پنجاب نے کہا کہ غداری کے مقدمے درج کرانے والے غداروں کی جھولی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اب نواز شریف نے سچ بولنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ پاکستان منافقت اور جھوٹ سے نہیں چل سکتا۔ نامعلوم اور نادان دوستوں نے نواز شریف کے بیان کو نہیں دیکھا، ان کی ذات کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی بلکہ کہا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔