لاہور: سیوریج کے پانی میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق

Last Updated On 02 August,2018 07:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سیوریج کے پانی میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، محکمہ صحت کے حکام نے آئندہ مہم میں متعلقہ علاقے شامل کرنے کی سفارش کر دی۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 11 جولائی کو آؤٹ فال روڈ سے لئے گئے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ یہاں سے پانی کے نمونے جولائی کے پہلے ہفتے میں لئے گئے تھے۔ مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق نمونے میں پایا جانےوالا وائرس مقامی نہیں ہے۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں سے باقاعدگی سے نمونہ جات لئے جاتے ہیں اور ان کا مشاہدہ بھی کیا جاتا ہے تا کہ پولیو پر کنٹرول رکھا جا سکے۔

ماحولیاتی سیمپل کے نتائج کی روشنی میں حکمت عملی ترتیب دی جاتی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جون اور جولائی میں لیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس پر متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا گیا اور 6 اگست سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں لاہور کے تمام علاقے شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔