لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ کو پرانے لاہور کی طرز پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مال روڈ پر مقرر کردہ سائز سے بڑے فلیکسز نصب کرنے پرپابندی عائد کر دی۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار نے موقف اختیار ک یاکہ عدالتی حکم کے باوجود مال روڈ کو اصل حالت میں بحال نہیں کیا جا رہا جبکہ میٹرو بس کے منصوبے سے متاثرہ پارکس کی بحالی کیلئے بھی اقدامات نہیں کیے گئے لہذا عدالت پارکس اور کھیلوں کے میدانوں کو بحال کرنے کا حکم دے۔
ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے ناہید گل نے عدالت کوآگاہ کیاکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیلئے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دئیے کہ انتظامیہ ہوش کے ناخن لے، تاریخی عمارتوں کی خوبصورتی کو فلیکسز لگا کر چھپا دیا گیاہے۔ عدالت نے مال روڈ پر مقرر کردہ سائز سے بڑے فلیکسز لگانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے پودے لگانے کے احکامات جاری کر دئیے۔
جسٹس علی اکبر قریشی نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق ڈی سی لاہور، ایڈشنل ڈی جی پی ایچ اے اور چیف ایگزیکٹو لیسکو کو کل رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔