پنجاب میں کون حکومت بنائے گا، آزاد امیدوار وی آئی پی بن گئے

Last Updated On 27 July,2018 02:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں آزاد امیدوار توجہ کا مرکز بن گئے، سندھ میں پیپلز پارٹی اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کیلئے سادہ اکثریت حاصل کرلی، بلوچستان میں بی اے پی 11 سیٹوں پر آگے ہے اور حکومت بنانے کی اپوزیشن میں ہے۔

پنجاب میں مسلم لیگ نون کی 126، تحریک انصاف کی 114 جبکہ آزاد اُمیدواروں نے 28 اور مسلم لیگ ق نے 4 نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ نون نے بھی جوڑتوڑ کا سلسلہ شروع کر دیا، تحریک انصاف نے بھی جہانگیر ترین کو ٹاسک دے دیا۔ پنجاب میں آزاد امیدوار کا جس جماعت کی طرح جھکاؤ ہوگا وہی تخت پنجاب پر راج کرے گی۔

سندھ میں پیپلزپارٹی کے نشانے ٹارگٹ پر لگے، صوبائی اسمبلی میں 69 سیٹوں پر پوزیشن مضبوط ہے اور آرام سے حکومت بنانے بناسکتی ہے۔ صوبے میں تحریک انصاف 13 نشستون کیساتھ دوسرے نمبر، جی ڈی اے 10 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور ایم کیو ایم 7 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

خیبرپختونخوا کی بات کریں تو وہاں بلا چھا گیا، پہلی بار ایک جماعت دوبارہ کامیاب ہوئی۔ خیبرپختونخو میں تحریک انصاف 65 سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور بغیر کسی سہارے حکومت بناسکتی ہے۔ صوبائی الیکشن میں ایم ایم اے نے 9، اے این پی 6 اور ن لیگ نے 5 نشستیں حاصل کیں۔

بلوچستان کی صورتحال بھی سنسنی خیز ہے، صوبے میں بی اے پی 11 سیٹوں پر آگے ہے۔ ایم ایم اے کے 8، 5 آزاد اور پی ٹی آئی کے 3 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے نمبر گیم اہمیت اختیار کرگیا ہے۔