ایم کیوایم پاکستان کا چیف الیکشن کمیشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

Last Updated On 26 July,2018 11:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کی قیادت الیکشن کمیشنر سے ناراض، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمیشن سے فوری طور پر استعفی دینے کا مطالبہ کردیا۔ ادھر بدترین شکست پر پاک سرزمین پارٹی بھی آل پارٹیز کانفرنس کا حصہ بننے کے لیے تیار ہوگئی۔

کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کا تقریبا صفایا، پاک سرزمین پارٹی کے ہاتھ کچھ نہ آیا۔ عام انتخابات میں شکست پر دونوں جماعتیں الیکشن کمیشن پر پھٹ پڑیں۔ ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمیشنر سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ کہا کہ اصل ہاتھ 6 بجے کے بعد دکھایا گیا، پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالا گیا، پھر نتائج تبدیل کردیے گئے۔ ایم کیو ایم رہنماء فاروق ستار نے کہا جو رزلٹ دیے جارہے ہیں وہ ووٹنگ کے نہیں بلکہ سیٹنگ کے دیے گئے ہے۔

ادھر پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن 2018 کے نتائج مسترد کردیے۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس عمل کو مذاق بنا کر رکھ دیا۔ پاک سرزمین پارٹی کی قیادت نے مبینہ دھاندلی پر اے پی سی کانفرنس کا حصہ بننے کا اعلان کردیا ہے جبکہ ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ہے۔