عمران کی جیت پر اربوں کا جوا، سٹے بازوں کی پہلی پسند رہے

Last Updated On 27 July,2018 08:32 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) 25جولائی کے عام انتخابات میں عمران خان کی جیت پر اربوں روپے کا جوا ہوا، انٹرنیشنل بیٹنگ ایکسچینج پر عمران خان کو وزیر اعظم کیلئے ‘‘موسٹ فیورٹ’’ قرار دیا گیا۔

24 جولائی کی رات 12 بجے کے بعد سٹے بازی کیلئے بھاؤ کھولے گئے، جس میں عمران خان کی جیت کا بھاؤ 48 پیسے تھا جس کا مطلب عمران خان کی جیت پر 10 ہزار روپیہ لگانے والے کو 4800 روپے ملیں گے، روزنامہ دنیا کو دستیاب ریٹس کے مطابق دنیا میں سٹے بازی کی سب سے بڑی ایکسچینج پر دوسرے نمبر پر شہباز شریف تھے جن کا ریٹ 4 روپے کھولا گیا تھا، مطلب شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے امکانات کم ہونے کے باعث ان پر 1 ہزار روپے کا سٹہ لگانے والے کو 4 ہزار روپے ملیں گے۔

تیسرے نمبر پر بلاول بھٹو زرداری تھے جن کا ریٹ 6.4 روپے ، مطلب ان پر ایک ہزار روپے لگانے والے کو 6400 روپے ملیں گے ، بیٹنگ ایکسچینج پر سٹے بازوں کی زبان میں چوتھا گھر مولانا فضل الرحمن تھے جن کا ریٹ 9 روپے تھا، مطلب ان پر جوا لگانے والے کو ایک ہزار کے ساتھ 9 ہزار روپے ملیں گے۔

بک میکروں نے 25 جولائی کو پولنگ ڈے کی صبح عمران خان کو مزید فیورٹ کرتے ہوئے ریٹ 10 پیسے کم کر کے 38 پیسے کر دیا جس کا مطلب تھا کہ عمران خان کی جیت کے امکانات روشن ہیں، اس حوالے سے ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت میں بھی بڑا سٹہ کھیلا گیا، اس حوالے سے مختلف بک میکروں نے ‘‘دنیا’’ کو بتایا کہ سٹے بازدنیا بھر میں ہر قسم کے کھیل پر جوا لگاتے ہیں۔

پاکستان میں ہونیوالے عام انتخابات بہت بڑا ایونٹ تھا اور اس حوالے سے لوگوں کی غیر معمولی دلچسپی تھی، تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں نشستوں سمیت وزیر اعظم شپ پر الگ جوا ہوا، جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑنے والے نامور ‘‘گھوڑوں ’’ کی ہار اور جیت پر بھی سٹے بازوں نے کروڑوں روپے کا فینسی جوا کھیلا۔