این اے 131 لاہور: سعد رفیق نے عمران خان کی کامیابی چیلنج کردی

Last Updated On 27 July,2018 02:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کر دیا، لیگی رہنما نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کر دیا۔

 لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروا دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این اے 131 میں پریزائیڈنگ افسر نے سیکڑوں ووٹ دانستہ مسترد کیے۔ سعد رفیق نے درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ این اے 131 کی گنتی دوبارہ کی جائے، مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔

 گزشتہ روز خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان پر 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریدنے اور ووٹوں کی خرید و فروخت کا الزام عائد کیا تھا۔ عمران خان نے این اے 131 میں کانٹے دار مقابلے کے بعد خواجہ سعد رفیق کو انتہائی معمولی فرق کے ساتھ شکست دی تھی۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عمران خان نے 84313 ووٹ جبکہ سعدرفیق نے 83633 ووٹ حاصل کیے۔