لاہور (دنیا نیوز ) لاہور میں فائرنگ کیس میں نامزد ملزم نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس نے گرفتاری دے دی۔ ندیم عباس پی پی 161 سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
انتخابی نتائج کے بعد رکن اسمبلی کی کامیابی کی خوشی میں ان کے ڈیرے پر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی ملزم قانون سے بالاتر نہیں ہے جس کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے تیاریاں شروع کر دی تھیں۔ آج دوپہر کے وقت ملزم ندیم عباس نے گرین ٹائون تھانے میں خود حاضر ہو کر گرفتاری دے دی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔