کراچی: (روزنامہ دنیا) ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی بندش سے کھلاڑی معاشی مسائل کا شکار ہوگئے، 10 سال تک عالمی سطح پر نیک نامی کا ذریعہ بننے والے کھیلوں کو تباہ کر دیا گیا۔
سابق قومی کپتان عمران خان کی سیاسی جماعت کی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ان سے ملک میں کھیلوں کی تباہی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا گیا۔ باکسنگ ٹیکنیکل آفیشل علی اکبر شاہ قادری، اولمپک ریفری جج غلام حسین پٹنی، اولمپیئن عبدالرشید قمبرانی، مہر ا ﷲ لاسی، محمد ساجد راجہ، علی محمد بلوچ، خان محمد بلوچ، عبدالمجید بلوچ، صابر بلوچ، مجید بروہی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ 10 برس میں کسی بھی حکومت نے ملک کے حقیقی سفیر کھلاڑیوں پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ایسی پالیسی بنائی گئی جس سے قومی اسپورٹس فیڈریشنز، صوبائی ایسوسی ایشنز کا ناقص کارکردگی پر احتساب ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں اور وفاق میں کھیلوں کو کنٹرول کرنے والے اداروں میں کرپشن اور پرسنٹیج مافیا کا کنٹرول ہے۔ ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی بندش سے کھلاڑی معاشی مسائل کا شکار ہوگئے۔ جن کھیلوں میں 10 سال تک عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن اور پرچم بلند ہوا، غلط منصوبہ بندی کے ذریعے انہیں تباہ کر دیا گیا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کھیل اور کھلاڑیوں کو پوچھا نہیں جا رہا لیکن امید ہے کہ عمران خان اور ان کی منتخب کابینہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے اہم ترین مسئلے پر بھرپور توجہ دے گی۔
اسپورٹس منتظمین نے مطالبہ کیا کہ کھیلوں کو وزارت تعلیم کے ماتحت کیا جائے یا پھر علیحدہ وزارت تشکیل دی جائے۔ سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جاوید اقبال بیگ، کراچی ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے صدر محسن علی خان نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ حکومت سنبھالنے کے بعد عمران خان ملک کے معاشی معاملات کے ساتھ کھلاڑیوں کے مسائل کو فوری حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عمران خان کھیلوں کو کرپشن سے پاک کریں گے اور کھلاڑیوں کو میرٹ پر قومی ٹیموں میں شامل ہونے کا موقع ملے گا جبکہ اسپورٹس سے وابستہ حقیقی نمائندوں پر مبنی ٹیم مختلف پالیسیاں مرتب کرے گی۔
سیول اولمپکس کے میڈلسٹ باکسر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان فائٹر کھلاڑی رہے اور وہ کھلاڑیوں کے مسائل سے بھی آگاہ ہیں۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی کرکٹر کا وزارت عظمیٰ سنبھالنا اسپورٹس حلقوں کیلئے خوش آئند بات ہے۔ عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ جس طرح کرکٹ میں میرٹ پر زوردیتے تھے دیگر کھیلوں میں بھی اچھے لوگ شامل کریں۔ ون ڈے کرکٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے فاسٹ بالر جلال الدین نے امید ظاہر کی کہ عمران خان اب ملکی کرکٹ میں بھی انصاف کریں گے۔