لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 24 گھنٹے میں داتا دربار کی صفائی اور تجاوزات کے مکمل خاتمے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دوبارہ ٹھیلے لگانے والوں کیخلاف انسدداد دہشتگردی کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں داتا دربار کے اطراف تجاوزات کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دیئے کہ مزاروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے داتا دربار کے ارد گرد تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی نہ ہونے پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جو کام انتظامیہ کا ہے وہ عدالتیں کر رہی ہیں، 2 کلو کی دیگ 10 کلو کہہ کر فروخت کی جا رہی ہے۔
عدالت نے 24 گھنٹے میں داتا دربار کی صفائی اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کوئی دوبارہ ٹھیلے لگاتا ہے تو انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔