لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی سکیورٹی تاحکم ثانی واپس نہ لینے کاحکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری اور دیگرفریقین کوآئندہ ہفتے کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ سے سکیورٹی واپس لینے کیخلاف کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے رانا ثنااللہ کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ انتخابات اور اس کے بعد سے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور متعلقہ فورمز پر سکیورٹی کے لئے درخواستیں دی ہیں۔
عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کوسکیورٹی فراہم کرنے کاحکم دے جس پر لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما راناثنا اللہ کی سکیورٹی تاحکم ثانی واپس نہ لینے کاحکم دیتے ہوئے آئی جی، چیف سیکرٹری اور دیگر فریقین کو آئندہ ہفتے کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔