لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے زیرِ صدارت کراچی میں ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نہ آنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ تاہم نمازِ مغرب کی وجہ سے اجلاس موخر کیا گیا۔ دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو ملک کے مختلف حصوں سے شہادتیں آنا شروع ہو گٸیں۔
مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے ذوالحج کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہو گئی ہیں، عید الاضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو ہو گئی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ آج ملک کے مختلف شہروں میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں تاہم کراچی میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث چاند کی رویت ممکن نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش ہو چکی ہے، چاند غروب آفتاب کے بعد 58 منٹ تک افق پر دیکھا جا سکے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے اور وہاں عیدالاضحیٰ 21 اگست کو منائی جائے گی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ پیر 20 اگست کو ادا کیا جائے گا اور منگل 21 اگست کو عیدالاضحیٰ کا پہلا دن ہو گا۔
ادھر ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالسلام اور یونان سمیت دیگر ممالک نے بھی ذوالحج کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان ممالک میں چاند نظر نہ آنے کے بعد سرکاری طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ یکم ذوالحج 13 اگست کو جبکہ عیدالاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔
سعودی عرب پہلے ہی عیدالاضحیٰ کیلئے 11 روز کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کر چکا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے 5 یوم کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔