وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کو چاق و چوبند دستے کا گارڈ آف آنر

Last Updated On 18 August,2018 11:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو تقریب حلف برداری کے بعد وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔

 نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ گارڈ آف آنر کی تقریب کے بعد ان کا تعارف وزیر اعظم ہاؤس کے سٹاف سے کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

اس سے قبل ایون صدر میں تقریب حلف برداری ہوئی۔ صدر مملکت کی آمد پر بگل بجایا گیا۔ چہرے پر مسکراہٹ، آنکھوں میں چمک، زیر لب ذکر و اذکار، ڈارک گرے شیروانی میں ملبوس وزیر اعظم عمران خان صدر مملکت ممنون حسین کے ہمراہ مسکراتے ہوئے ایون میں داخل ہوئے۔

صدر مملکت کے ایک طرف نگران وزیر اعظم ناصر الملک جبکہ دوسری جانب نو منتخب وزیر اعظم عمران خان تھے۔ مہمانان خصوصی کی آمد پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ سادہ و پروقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب کے اختتام پر سبکدوش ہونےوالے نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو ہاتھ ملا کر مبارک باد دی۔

یاد رہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوارشہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، پیپلز پارٹی کے ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیا جبکہ آصف زرداری ایوان کی کارروائی میں ہی شریک نہیں ہوئے تاہم بلاول بھٹو دیگر پارٹی ارکان کے ساتھ ایوان میں موجود رہے ، جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے بھی ووٹ نہیں ڈالا، وہ اپنی نشست پر ہی براجمان رہے جبکہ فاٹا سے نومنتخب آزاد ارکان محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔