اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو 3 ستمبر تک گرفتاری سے روک دیا۔ بینکنگ کورٹ کراچی نے آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس گل حسن نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ اپنے وکلاء اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر درخواست میں آصف علی زرداری نے مؤقف اختیار کیا کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی وجہ سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔ ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتا ہوں، لہذا آج ہی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ضمانت دی جائے۔
چیمبر میں سماعت کے بعد عدالت نے 5 لاکھ کے مچلکوں کے عوض آصف علی زرداری کی 2 ہفتوں کے لیے حفاطتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے سابق صدر کو حکم دیا کہ اس دوران ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں جبکہ ایف آئی اے کو 3 ستمبر تک آصف علی زرداری کی گرفتاری سے روک دیا گیا۔