اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کو پیشگی وقت لیے بغیر آنے پر نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ میں داخلے سے روک لیا گیا، نعیم الحق کو فون کال کے بعد بنی گالہ جانے کی اجازت ملی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کیلئے پیشگی وقت لینے کی ہدایت کی گئی ہے، آج نعیم الحق کو بھی بنی گالہ کے باہر روک لیا گیا۔ سکیورٹی گارڈ نے موقف اپنایا کہ انہیں حکم ملا ہے کہ بغیر اجازت کسی کو نہ آنے دیا جائے۔
نعیم الحق کے استفسار پر سیکورٹی گارڈ نے بتایا کہ میجر عمر کی طرف سے ہدایت ہے کسی کو اوپر بنی گالہ نہ آنے دیا جائے۔ جس پر نعیم الحق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میجر عمر کو چھوڑو، وہ عمران خان کو لینے آئے تاہم سیکورٹی گارڈ نے انہیں اس وقت تک روکے رکھا جب تک بنی گالہ سے نعیم الحق کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ فون کال کے بعد نعیم الحق کی گاڑی کو بنی گالہ جانے دیا گیا۔