لاہور: ( روزنامہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے پی ٹی آئی کے نامزد کردہ سردار عثمان بزدار کا کو ئی بھی کریمنل ریکارڈ نہیں، ان کے خلاف کبھی کسی تھانے یا کسی جگہ کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کبھی کسی نے ان سے متعلق کوئی الزام عائد کرنے کے لئے کسی تھانے میں درخواست دی ہے۔
سردار عثمان بزدار ایم اے ایل ایل بی ہیں ان کا پیشہ ایڈووکیٹ اور زمیندارہ ہے۔ جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق سردار عثمان بزدار اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔ تین کمپنیوں سے سالانہ 25 لاکھ روپے کی انشورنس ہے، سردار عثمان بزدار کسی کے مقروض نہیں۔ سردار عثمان بزدارکا کوئی بھی ذاتی ای میل اکائونٹ نہیں ہے۔
سردار عثمان بزدار کی اہلیہ صوفیہ عثمان ہیں اور تین بیٹیاں ہیں، جن میں بختاور عثمان، تقدیس فاطمہ، اہمرین عثمان شامل ہیں۔ سردار عثمان بزدارکا این ٹی این نمبر 3968548-9 ہے۔ سردار عثمان بزدار نے بتایا ہے کہ ان کی 2017 میں زرعی آمدنی 4 لاکھ 68 ہزار 500 روپے ہے، جس پر 63 ہزار 890 روپے سالانہ ٹیکس ادا کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے پاکستان تحریک انصاف پارٹی فنڈ کے لئے 50 ہزار روپے دئیے۔
سردار عثمان بزدار نے کبھی کسی دوسرے ملک کا پاسپورٹ حاصل نہیں کیا۔ عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار تونسہ کے بزدار قبیلے کے چیف ہیں، سردار عثمان بزدار نے پولیٹیکل سائنس میں بھی ایم اے کیا ہوا ہے، پرویز مشرف دور میں تحصیل ناظم تونسہ بھی رہے، انکے والد فتح محمد بزدار 3 مرتبہ صوبائی اسمبلی کے ممبر رہے، عثمان بزدار مسلم لیگ ق کا حصہ بھی رہے ہیں، عثمان بزدار صوبی جنوبی پنجاب محاذ کا بھی حصہ رہے ہیں۔