لاہور: (دنیا نیوز) واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب نے آزادی کا جشن دوبالا کر دیا، قدم سے قدم ملاتے، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتے رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کیے رکھا۔ رینجرز بینڈ کی شاندار پرفارمنس نے شرکاء کے دل موہ لیے، گنڈا سنگھ بارڈر پر بھی خصوصی تقریب میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یوم آزادی پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب نے آزادی کا جشن دوبالا کر دیا۔ قدم سے قدم ملاتے، مکے اور بازو دکھاتے، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتے رینجرز کے جوان جب جب زیرو لائن کی جانب بڑھے دشمن پر لرزہ طاری کرتے رہے۔ رینجرز بینڈ کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا، مسحور کن دھنوں نے سننے والوں کے کانوں میں خوب رس گھولا۔
سبز ہلالی پرچم اٹھائے شہریوں کا جوش و خروش بھی عروج پر رہا۔ پاکستان زندہ باد، جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے دشمن کو ارض پاک کی جانب اٹھنے والی کسی میلی آنکھ کو نکال پھینکنے کا پیغام بھی دیتے رہے۔ دنیا نیوز کے پروگرام مذاق رات کے معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
دوسری جانب گنڈا سنگھ بارڈر پر بھی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب میں پرجوش رینجرز جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کیے رکھا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ملی نغموں کی گونج بھی اہل وطن کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔ جشن آزادی کی خصوصی تقاریب کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔