لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، سکولوں میں پہلے روز طلبا کی حاضری معمول سے کم رہی۔
تفصیلات کے مطابق، موسم گرما کی اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ سے آغاز ہو گیا۔ صبح سویرے ننھے بچے سکولوں میں پہنچ گئے۔ اس موقع پر طلبا کی خوشی دیدنی اور دوبارہ سکول کھلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موج مستی کا وقت گزر گیا، امتحانات قریب ہیں، اب صرف پڑھائی ہو گی۔
خیال رہے چھٹیاں رمضان المبارک کے باعث 17 مئی سے شروع ہوگئی تھیں یہی وجہ ہے کہ 15 اگست کے بجائے تمام تعلیمی ادارے آج ہی کھل گئے ہیں۔ 14 اگست کی تیاری کے حوالے سے بچوں کو ملی ترانوں اور پریڈ کی ریہرسل کرائی جائے گی۔ 14 اگست کی سکولوں میں عام تعطیل ہوگی مگر تقریب میں حصہ لینے والے اور بڑی کلاسوں کے بچے حاضر ہوں گے۔