لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے بادامی باغ میں 8 سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ، گھناؤنے جرم کے بعد ملزم فرار، واقعے کے خلاف مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔
لاہور کے علاقے بادامی باغ میں 8 سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ پر اہل علاقہ کا احتجاج، 8 سالہ بچی کو محلے دار اعظم نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ متاثرہ خاندان کا مطالبہ ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب لاہور میں کم عمر بچوں کے ساتھ بدفعلی اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
سال 2018 میں اب تک شہر بھر میں مجموعی طور پر مبینہ زیادتی کے 283 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں سے 112 مقدمات تاحال زیر تفتیش ہیں۔ صدر ڈویژن میں 54 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 18 پر تفتیش جاری ہے، اقبال ٹاون ڈویژن میں 19 واقعات درج ہوئے جن میں سے 7 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔
اس طرح سول لائنز ڈویژن میں درج 20 میں سے 12 واقعات پر تفتیش جاری ہے جبکہ سٹی ڈویژن میں 36 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 9 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ ماڈل ٹاون ڈویژن میں 57 مقدمات درج ہوئے جن میں سے 22 پر تفتیش جاری ہے اور کینٹ ڈویژن میں 97 درج شدہ واقعات میں سے 44 زیر تفتیش ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے اور تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔