منڈی بہاوالدین: (دنیا نیوز) ملک وال میں کم عمر لڑکوں کو اغواء کے بعد برہنہ ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والے 15 رکنی گروہ کا انکشاف، پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔
منڈی بہاوالدین کے علاقے ملک وال میں 15 سے زائد اوباش نوجوانوں نے جھولے لعل نامی گروپ بنا رکھا ہے، جو کم عمر لڑکوں کو اغواء کر کے زیادتی کا نشانہ بناتا ہے اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتا ہے۔ محلہ قصاباں کے رہائشی محمد رمضان کا بیٹا سیف الرحمن بھی اسی گروپ کا نشانہ بنا۔ گروپ کے افراد نے سیف الرحمن کو اغواء کیا اور زیادتی کی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ متاثرہ لڑکے کے والد رمضان نے بتایا کہ میرے بیٹے کے علاوہ بھی متعدد بچوں کو یہ گروپ اغواء کر کے ویڈیوز بنا کر بلیک میل کر رہا ہے، جس کیخلاف پولیس تا حال کارروائی نہیں کر رہی۔
جھولے لعل گروپ کے 3 سرغنہ ہیں، جن میں ارسلان شاہ، ارسلان موچی اور زین شاہ شامل ہیں۔ دوسری طرف فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود تاحال پولیس کسی بھی ملزم کو پکڑ نہیں سکی۔ تاہم میڈیا کے نوٹس میں آنے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔