مقتولہ رابعہ کی لاش پر سیاست کی جا رہی ہے:سہیل انور

Last Updated On 18 April,2018 03:52 pm

کراچی (دنیا نیوز ) کراچی کی مقامی عدالت نے چھ سالہ رابعہ کے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کو سات روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

سٹی کورٹ کراچی میں چھ سالہ رابعہ کے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان رحیم اور فضل کو تھانہ منگھوپیر پولیس نے پیش کیا۔ پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزمان کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے ملزموں کو پچیس اپریل تک پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرنا ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال رابعہ کے اہلخانہ سے تعزیت کےلیے اورنگی ٹاؤن پہنچے۔ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش پر سیاست کی جا رہی ہے۔ بچی کے والد نے انکشاف کیا کہ وہ مظاہرین کو نہیں جانتے، مظاہرین پکڑے گئے ملزمان کو چوک پر بلوا کر آگ لگانا چاہتے تھے۔ ادھر سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن نادر مگسی نے دعویٰ کیا ہے مقتولہ رابعہ انکے قبیلے سے تعلق رکھتی تھی۔