کراچی: (دنیا نیوز) پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، پلاننگ کمیشن آف پاکستان نے صوبوں کو چھوٹے ڈیمز بنانے کی ہدایت کر دی۔
ملک میں بڑھتی ہوئی پانی کی قلت پر پلاننگ کمیشن آف پاکستان نے صوبوں کو چھوٹے ڈیمز بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزارت آبی ذخائر اور تمام صوبوں کو اس حوالے سے لکھے گئے خط میں پلاننگ کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبے چھوٹے ڈیمز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ پانی زندگی ہے اور آبی ذخائر بڑھا کر اس کے ضیاع کو روکا بھی جاسکتا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور ماحولیاتی تبدیلی کے تحت پاکستان کو اپنے آبی وسائل بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے زیادہ بڑا خطرہ موسمی تغیرات ہیں جو پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے بھی بڑا چیلنج ہیں۔