لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر رانا محمد اقبال نے حلف لیا، ارکان پنجاب اسمبلی رول آف ممبرز پر دستخط کر رہے ہیں۔
نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری اور نگران صوبائی کابینہ کے ارکان نومنتخب ارکان کو خوش آمدید کہنے کے لئے پنجاب اسمبلی میں موجود رہے۔ اجلاس کے اختتام سے پہلے اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کا اعلان کیا جائے گا، اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزد گی آج 3 بجے سے شام 5 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کل پنجاب اسمبلی کے ایوان میں خفیہ ووٹنگ سے انتخاب ہوگا۔
تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی سپیکر جبکہ دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری اقبال گجر سپیکر کے امیدوار نامزد کئے گئے۔ پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ق کی 10 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعدا د پنجاب اسمبلی میں 162، پیپلزپارٹی کی 10 ہے۔ راہ حق پارٹی کا ایک رکن جبکہ 3 آزاد ارکان ہیں جبکہ 3 حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 7 سیٹیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہوئی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظاما ت کیے گئے، ارکان پنجاب اسمبلی کے لئے داخلی گیٹ پر ہیلپ ڈیسک بھی قائم کئے گئے، پنجاب کی نئی اسمبلی میں اس بار سینئر سیاستدان چوہدری پرویز الہی، حمزہ شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، علیم خان، میاں محمود الرشید بھی حلف لیا۔