حکومتی ٹیم میں کوئی مس فٹ نہیں، فہمیدہ مرزا

Last Updated On 02 September,2018 10:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فہمیدہ مرزا نے کہا کہ کابینہ کی تین میٹنگز ہو چکی ہیں، کپتان کی ٹیم میں سارے میرے پرانے دوست رہے ہیں، ٹیم میں کوئی مس فٹ نہیں ہے، عمران خان نے سو روز کا پلان دیا ہے، چیزوں کو بہتر ہونے میں وقت لگے گا۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کا دنیا نیوز کے پروگرام ”محاذ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری وزارت بہت اہم ہے، میں عمران خان کی کابینہ میں پہلی بار کام کر رہی ہوں، پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، وزیرِاعظم مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ماضی میں دوسرے صوبوں پر الزامات لگتے رہے، ہمیں چھوٹے صوبوں کی احساسِ محرومی کو دور کرنا چاہیے اور اگر کسی صوبے میں اچھا کام ہوا تو ہمیں سیکھنا اور سب کو مل کر چلنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے مجھے پلیٹ فارم دیا، ہم نے الیکشن سے پہلے ہی تحریکِ انصاف کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت کی بڑی کامیابی ہے، گستاخانہ خاکوں پر حکومت نے بروقت اقدام اٹھایا۔