لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں اعتراف کیا ہے کہ خاور مانیکا کے معاملے پر اجلاس بلایا تھا۔
پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، جو بھی آتا ہے ان کے ایشوز حل کرتا ہوں۔
اس موقع پر ایک صحافی نے عثمان بزدار سے سوال کیا کہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل آپ کے کہنے پر تبدیل ہوئے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب اس پر کیا کہوں، معاملہ عدالت میں ہے۔
وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کا انتخاب براہ راست ہو گا، نئے بلدیاتی نظام کا جائزہ لینے کے لئے عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے، نئے بلدیاتی نظام کا بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائیگا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب بہت سنجیدہ کیس ہے، اسے آئی سی یو میں رکھا جائیگا، گزشتہ برس جنوبی پنجاب کوبہت کم فنڈز ملے، آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن سمیت اچھے منصوبے جاری رہیں گے، ہمیں کسی کے منصوبوں پر تختی لگانے کا شوق نہیں ہے۔