اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی پی او پاکپتن تبادلہ ازخود نوٹس کیس میں واقعہ کے مرکزی کردار احسن جمیل گجر نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی پی او پاکپتن تبادلہ کیس کے مرکزی کردار احسن جمیل گجر کی جانب سے سپریم کورٹ میں غیر مشروط معافی کی درخواست دائر کرا دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے، متعلقہ میٹنگ میں محض خاور مانیکا اور ان کی فیملی کا موقف بیان کرنے گیا تھا۔ درخواست میں عدالتِ عالیہ کو یقجن دہانی کرائی گئی ہے کہ آئندہ ہمیشہ قانون کی پاسداری کروں گا۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کل تین اکتوبر کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے ڈی پی او پاکپتن کے تبادلے پر سیاسی اثرورسوخ سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
سربراہ نیکٹا خالق داد لک وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے اثرورسوخ پر عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں گے۔ اٹارنی جنرل، سیکریٹری سٹیبلشمنٹ، سربراہ نیکٹا خالد داد لک اور دیگر کو سماعت کے لئے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔