پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فض الرحمان نے وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کو جعلی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو حکومت قائم ہے وہ جبری حکومت ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحما ن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے نتائج کو تمام جماعتوں نے مشترکہ طور پر مسترد کیا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہوا، اسے فوری مستعفی ہونا پڑے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء جعلی ہیں، پاکستان تحریک انصاف بین الاقوامی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے۔
جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دینی علوم کے نصاب میں مداخلت کو نہیں مانیں گے، اگر ایسا ہوا تو بھرپور مزاہمت کریں گے، جمعہ آٹھ دن ہوئے اور مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا گیا، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، حکومت سفارتی آداب سے بھی محروم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج ملکی سالمیت کی صلاحیت رکھتی ہے، خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو بیدار کرنے کے لئے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا۔