اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنماء طلال چوہدری نے توہین عدالت کیس میں نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، الزام ثابت کیے بغیر سزا دے دی گئی۔
توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ن لیگی رہنماء طلال چوہدری کی جانب سے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا۔ سپریم کورٹ میں کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں طلال چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ الزام ثابت کیے بغیر سزا دے دی گئی، کیس میں شواہد کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا گیا۔ عدالت نے استغاثہ کے مؤقف کو اہمیت دی لیکن دفاع کا مؤقف نظر انداز کیا۔ استغاثہ کیخلاف مواد کے باوجود بھی درخواست گزار کو شک کا فائدہ نہیں دیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کو کالعدم قرار دینے کیلئے بے قاعدگیاں موجود ہیں۔ عدالت سزا کیخلاف اپیل منظور کرکے فیصلہ کالعدم قرار دے۔ سپریم کورٹ نے 2 اگست کو طلال چوہدری کو 5 سال کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔