فیصل آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے چائنا میں بھی سب سے پہلے حکمران جماعت کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔
فیصل آباد میں امیرِ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس میں صرف نواز شریف کو سزا دی گئی جبکہ باقی افراد کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے چائنا میں بھی سب سے پہلے حکمران جماعت کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اپنے 100 دن کے پلان پر عملدرآمد کرے اور 1 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ بھی پورہ کرے۔
سراج الحق نے کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نئے ڈیمز کی تعمیر پر یقین رکھتی ہے اور خوشحال مملکت کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر بہت ضروری ہے۔ غریب پاکستانی ہر سال بیرون ممالک سے 20 ارب سے زائد پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں اور ہمارے حکمران کرپشن کے بعد دوبارہ پیسہ باہر بھیج دیتے ہیں۔