شریف برادران کو طلب نہ کرنا غیر منصفانہ فیصلہ ہے، طاہر القادری

Last Updated On 27 September,2018 10:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے ماڈل ٹاؤن سانحہ میں 12 سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس کی طلبی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دے دیا ہے۔

عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی تھی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پس پردہ بارہ کرداروں کو عدالت میں طلب کیا جائے جسے عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔

سربراہ عوامی تحریک نے قرار دیا کہ فیصلے سے انصاف ذبح ہوا ہے، جنہوں نے پولیس کو آرڈر دئیے اُن کو سامنے لایا جانا چاہیے تھا۔ اُس وقت کے آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا کو طلب کیا جا سکتا ہے تو شہباز شریف صوبے کے سربراہ کو کیوں نہیں بلایا جا سکتا ہے؟

طاہر القادری نے فل بنچ کے سربراہ جسٹس قاسم کے اختلافی نوٹ کو عوامی تحریک کے موقف کی فتح قرار دیا۔

 

Advertisement