سپریم کورٹ نے ملک کرامت کھوکھر، ندیم بارا کی معافی قبول کر لی

Last Updated On 01 October,2018 08:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے قبضہ گروپ منشا بم کے سفارش کرانے سے متعلق کیس میں ایم این اے ملک کرامت کھوکھر اور ایم پی اے ندیم بارا کی معافی قبول کر لی۔

سپریم کورٹ میں قبضہ گروپ منشا بم کے سفارش کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم این اے ملک کرامت کھوکھر نے کہا مجھ سے غلطی ہوئی معافی دی جائے، میری ساری برادری ہے، میں معافی کا خواستگار ہوں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا دیکھیں آئندہ ایسا نہ ہو، ہم قانون سازوں کا احترام کرتے ہیں۔ دونوں شخصیات نے آئندہ پولیس پر اثرانداز نہ ہونے کا وعدہ بھی کیا۔ عدالت نے تحریک انصاف کو دونوں رہنماؤں کیخلاف انضباطی کارروائی کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا تحریک انصاف دیکھے کہ اس کے رہنما جرائم پیشہ افراد کی حمایت کرتے ہیں۔

پنجاب پولیس نے عدالت کو بتایا کہ منشا بم کو ہم تلاش کر رہے ہیں ملا نہیں، مختلف جگہوں پر چھاپے مارے ہیں۔ عدالت نے منشا بم کے چاروں بیٹوں طارق، فیصل، عامر، وقاص کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا جن لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہوئے ہیں انہیں واپس کی جائیں، ویسے تو وزیراعلیٰ ہمارے پیچھے پیچھے چلتے ہیں، کل وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی کہہ دیا کہ قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی کریں گے، انکا بیان خوش آئند ہے، دیگر قبضہ گروپوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔