اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے 5 روپے 50 پیسے فی کلو کا اضافہ کردیا، صارفین کے لیے ایل پی جی کی قیمت 142 روپے 29 پیسے ہوگئی ہے۔
ایل پی جی کی بین الاقوامی قیمت میں 38 ڈالر فی میٹرک ٹن اضافے کو جواز بنا کر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 65.58 روپے اور کمرشل سلنڈر 252.35 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ عالمی منڈی میں ایل پی جی 5557.74 روپے فی میٹرک مہنگی ہوگئی ہے، اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 1679.01 روپے اور کمرشل سلنڈر 6459.95 روپے پر عام صارفین کو میسر ہوگا۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اگر سردیوں کیلئے منصوبہ بندی نہ کی گئی تو آنے والے موسم میں ایل پی جی کا شدید بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں اکتوبر کے لیے ایل پی جی کے 11 کلوگرام سلنڈر کی قیمت 1673 روپے مقرر کی گئی ہے۔