کراچی: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ سکینڈل میں مزید سنسنی، عدالتی حکم پر بنی جے آئی ٹی نے مزید 10 بے نامی اکاؤنٹس کا پتہ چلا لیا، جن سے 10 ارب سے زائد رقم منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا معاملہ، عدالتی حکم پر بنی جے آئی ٹی نے مزید 10 بے نامی اکاؤنٹس کا پتہ چلا لیا۔ 10 بے نامی اکاؤنٹس کے انکشاف کے بعد منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہونے والے اکاؤنٹس کی تعداد مجموعی طور پر 40 ہوگئی ہے، نئے سامنے آنے والے کھاتوں سے بھی 10 ارب سے زائد کی رقم منتقل کی گئی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ 50 ارب کے قریب رقم کی ہیر پھیر کی تفصیلات جمع کی جا چکی ہیں۔
اس سے قبل بھی ایک مزدور اور سبزی فروش کے نام سے اکاؤنٹس بنا کر پیسوں کی منتقلی کی گئی ہے۔ شواہد کو جے آئی ٹی اپنی رپورٹ کا حصہ بنا رہی ہے۔ مخصوص بینک کے اکاؤنٹس رقم کی منتقلی کے لیے استعمال کیے گئے۔