منی لانڈرنگ کیس: انور مجید، عبدالغنی کے طبی معائنہ کیلئے کمیٹی تشکیل

Last Updated On 17 September,2018 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس کے ملزمان انور مجید اور عبدالغنی مجید کے طبی معائنہ کیلئے ایف آئی اے کی درخواست پر سرجن جنرل آف پاکستان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے جناح میڈیکل کمپلیکس کراچی کی ایم ایس ڈاکٹر سیمی جمالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کی بواسیر کا علاج نہیں ہو پا رہا ؟ جناح میڈیکل کمپلیکس دورے کے دوران ایم ایس کی عزت رکھی اور ایم آر آئی مشین کے پاس نہیں گیا، اس کے اندر کون تھا ؟ سندھ حکومت کے بارے میں ریمارکس دینے پر مجبور نہ کریں، بواسیر کے مرض کا علاج کتنے دنوں میں ہوتا ہے ؟ میں کوئی ہومیو پیتھک دوائی بھیج دیتا ہوں۔

ملزمان کی وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ معاملہ متعلقہ عدالت میں ہے، سپریم کورٹ کو اس میں نہیں آنا چاہیے، سندھ کا معاملہ ہے تو پنجابی ڈاکٹرز کیوں چیک کریں جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آپ اس معاملے میں صوبائیت کو نہ لائیں، مقدمے کی مزید سماعت 24 ستمبر کو ہوگی۔