منی لانڈرنگ سکینڈل: آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

Last Updated On 31 August,2018 11:28 am

کراچی: (دنیا نیوز) اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی منظور کر لی گئی۔ عدالت نے سابق صدر کو 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

سابق صدر آصف زرداری اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ساتھ کراچی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سماعت کے دوران عدالت نے سابق صدر کی ضمانت منظور کرلی اور 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

آصف زرداری عدالت پہنچے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا، ہیلی کاپٹر کے سوال پر انہوں نے کہا آپ رکیں میں ہیلی کاپٹر پر واپس آتا ہوں، سابق صدر نے اعتزاز احسن کے صدر بننے کی نوید بھی سنائی۔ صحافی کے سوال پر کہا سیاستدانوں کیخلاف کوئی مقدمہ غیر سیاسی نہیں ہوتا۔

آصف زادری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا آصف زرداری صدر بنے تو انہوں نے زرداری گروپ لیمیڈ سے اپنا الحاق ختم کر دیا تھا، شہید بی بی جلا وطنی میں رہیں اور اپنے بچوں سے نہ مل سکیں۔

فاروق ایچ نائیک کا مزید کہنا تھا مقدمے میں آصف زرداری کو ملزم ظاہر نہیں کیا گیا، کہا گیا اے ون انٹرنیشنل کمپنی سے پیسہ زرداری گروپ لمیٹڈ میں آیا، آصف زرداری الیکشن لڑ رہے تھے، ایف آئی اے نے کیسے مفرور قرار دیا ؟ انہوں نے کہا ایف آئی آر میں کہیں نہیں لکھا آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کی، چارج شیٹ میں بھی کہیں نہیں لکھا آصف زرداری نےمنی لانڈرنگ کی۔

یاد رہے آصف زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے، کیس میں فریال تالپور انور مجید کے تین بیٹے عبوری ضمانت پر ہیں، مقدمے میں انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، طحہ رضا گرفتار ہیں۔