منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش

Last Updated On 27 August,2018 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے، دونوں نے اپنا بیان قلمبند کرا دیا۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھی ہمراہ تھے۔

یاد رہے آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو تحقیقاتی ٹیم نے چوتھے نوٹس کے ذریعے آج ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد طلب کیا تھا۔ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لیے تحقیقاتی رپورٹ مرتب کر لی۔ رپورٹ آج سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا امکان ہے۔

منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کی قیادت ڈی جی ایف آئی اے خود کر رہے ہیں، جب کہ ان کے دیگر ٹیم ممبران اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور ٹیم ممبران نے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو تمام رپورٹ پیش کر دی ہے۔

رپورٹ میں اب تک کی تفتیش جس میں انور مجید، ان کے بیٹے کی گرفتاری سمیت تمام شواہد موجود ہیں۔ یہ رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے سپریم کورٹ میں پیش کر یں گے۔