کراچی: (دنیا نیوز) 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کے میگا سکینڈل معاملے پر سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چوتھی بار طلب کر لیا گیا، ایف آئی اے نے پیر کو پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق، آصف زرداری اور فریال تالپور تین بار پہلے بھی پیش نہیں ہوئے، اگر اب پیش نہ ہوئے تو سپریم کورٹ میں دونوں مشکل میں ہونگے۔ ایف آئی اے 28 اگست کو سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کی مکمل رپورٹ پیش کریگی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور نے عدالتوں سے ضمانت لے رکھی ہے۔
ادھر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے انور مجید اور عبدالغنی کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست توسیع کر دی۔ ایف آئی اے انور مجید کو بیماری کے باعث پیش نہ کرسکی۔
بینکنک کورٹ میں ایف آئی اے نے کہا انور مجید بیمار ہیں پیش نہیں کرسکتے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ انور مجید کو جیل بھیج دیں جبکہ عبدالغنی مجید کا مزید 5 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔