اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی مزید ایک ماہ تک رہائی کا کوئی امکان نہیں، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اپیلوں پر بحث کئی روز چلے گی۔ نواز شریف کیخلاف 3 نیب انکوائریاں بھی تیز کردی گئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی رہائی کا فیصلہ سزا کیخلاف اپیل کے فیصلے کے ساتھ ہو گا۔اپیلوں کی سماعت میں پہلی رکاوٹ 9 ستمبر تک ہونے والی عدالتی تعطیلات ہیں۔ سماعت کا آغاز ہوگا تو وکیل صفائی 10 روز تک دلائل دیں گے جبکہ نیب پراسیکیوٹرز 5 روز سے زائد کا وقت لیں گے۔ یوں اپیلوں کے فیصلے میں ہی ایک ماہ سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ العزیزیہ اور فلیگ ریفرنسز کی تلوار بھی نواز شریف کے سر پر لٹک رہی ہے اور ان کا فیصلہ بھی آئندہ ایک ماہ میں متوقع ہے۔
دوسری جانب نیب نے نواز شریف کیخلاف چیئرمین ایچ ای سی غیرقانونی تقرری کیس، بھارت منی لانڈرنگ کیس اور ایل این جی غیرقانونی ٹھیکہ کیس کی شکایات پر بھی باقاعدہ انکوائریوں کا آغاز کر دیا ہے۔