اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عید جیل میں گزرے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطل کر کے تینوں کو فوری رہا کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ سزا کے خلاف اپیلوں پر موسم گرما کی تعطیلات کے بعد فیصلہ نہ ہوا تو ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی ہو گی۔
سابق وزیرِاعظم نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر مختصر فیصلہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تینوں کی ضمانت درخواستوں کو زیرِ التوا رکھنے اور سزا کیخلاف اپیلوں کو موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم۔
دو رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے ملزمان کی سزا کیخلاف اپیلیں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد مقرر ہیں، اپیلوں پر سماعت تک سزا معطلی کی درخواستیں بھی موخر کر دیتے ہیں، نہیں چاہتے کہ دوسرے فریق کا کیس متاثر ہو، اس مرحلے پر کوئی فیصلہ دینے کا مطلب درخواست گزار کو فائدہ دینا ہو گا۔
فاضل جج کا مزید کہنا تھا ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو پڑھا ہے، شواہد کو باریکی سے دیکھنا ہو گا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کے دلائل کے دوران خواجہ آصف، مشاہد حسین سید اور پرویز رشید نیند کے مزے لوٹتے رہے۔