راولپنڈی: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے جیل میں ملاقات کا سلسلہ جاری رہا، شریف فیملی اور 25 لیگی رہنماوں سمیت 40 افراد نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق، سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ،مریم نواز اور کپیٹن (ر) صفدر سے جیل میں ملاقات کرنے والوں کا رش لگا رہا، شریف فیملی اور لیگی قائدین سمیت 40 سے زائد سیاسی رہنماوں نے ملاقات کی۔ محمود خان اچکزئی اور جاوید ہاشمی کو بھی ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد اندر جانے کی اجازت ملی، سیاسی رہنماوں کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے ملاقات ان کا بنیادی حق ہے جس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
جیل میں شہبازشریف، حمزہ شہباز اور شریف خاندان کے افراد سمیت مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر، راجہ فاروق حیدر ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر بغیر ملاقات روانہ ہوگئے۔