کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرلی، آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوسکتے ہیں۔
سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔ اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوسکتے ہیں۔
صحافی کے سوال پر کہ آج پھر گاڑی میں آئے ہیلی کاپٹر میں نہیں؟ سابق صدر نے جواب دیا کہ ہیلی کاپٹرکی بات ہو رہی ہے، دیکھیں کب ملتا ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ ہیلی کاپٹر تو سستا ہوگیا ہے، آصف زرداری نے کہا کہ سن رہا ہوں 50،55 میں سفر ہوتا ہے۔
سابق صدر کی آمد پر بینکنگ کورٹ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے آصف علی زرداری کی 20 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔