راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، عدالت نے ملزمہ کو 6 اکتوبر کو 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ماڈل گرل کے وکیل نے ایک بار پھر میڈیکل رپورٹ پیش کی اور حاضری سے استثنٰی مانگا جس پر عدالت نے کہا کہ ملزمہ مسلسل غیر حاضر نہیں رہ سکتی، 6 اکتوبر کو ایان علی پیش نہ ہوئیں تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جائیں گے۔
عدالت نے ایان علی کو آخری موقع دیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ ضمانتی مچلکوں کے ساتھ پیش ہوں۔ 6 اکتوبر سے کرنسی اسمگلنگ کیس میں باقاعدہ شہادتیں قلمبند ہوں گی۔