شربت فروش کے اکاؤنٹ میں سوا 2 ارب روپے کی موجودگی کا انکشاف

Last Updated On 30 September,2018 10:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں غریب شہری کا اکاؤنٹ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہونے کا انکشاف، انگوٹھا چھاپ شربت فروش ارب پتی بن گیا، بینک اکاؤنٹ میں سوا 2 ارب روپے کی موجودگی کے انکشاف کے بعد گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی۔

کراچی میں 40 گز کے مکان میں رہنے والا عبدالقادر اپنے نام سے اکاؤنٹ اور اس میں اتنی زیادہ رقم کا سن کر پریشان ہوگیا۔ عبدالقادر گزرے وقت میں کسی کمپنی کے پاس ملازم تھا جس کے لیے اس نے اکاؤنٹ کھلوایا تاہم کھاتہ کافی عرصے سے تقریبا خالی پڑا تھا، اب اچانک اس میں سوا 2 ارب روپے آگئے ہیں۔

شہری کے مطابق اسے ایف آئی اے نے اکاؤنٹ کے حوالے سے مطلع کیا، پھر آفس بلایا اور اکاؤنٹ بھی دکھایا۔ عبدالقادر کے مطابق وہ بالکل ان پڑھ ہے اور اپنا نام بھی نہیں لکھ سکتا، انگلش میں دستخط کیسے کرے گا؟ شہری نے مزید کہا کہ علم نہیں اکاؤنٹ میں رقم کہاں سے آئی ہے۔

ایف آئی اے کی پوچھ گچھ کے بعد عبدالقادر کے گھر کے باہر پولیس تعینات کردی گئی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔