کشمیر کمیٹی کیلئے شیریں مزاری

Last Updated On 02 October,2018 09:12 am

لاہور: (طارق عزیز) وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں کشمیر کی خصوصی کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر شیریں مزاری جبکہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان امین گنڈا پور کو دینے پر غور کر رہے ہیں اس کیلئے انہوں نے سینئر قیادت سے مشورہ کیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی میں کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ وفاقی وزیر شیریں مزاری کو دینے بارے تحریک انصاف میں مشاورت کی گئی ہے، اس صورت میں شیریں مزاری کے پاس دو عہدے بیک وقت ہوں گے وہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اور کشمیر کمیٹی کی چیئرپرسن بھی ہوں گی۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امین گنڈا پور کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

قوی امکان ہے کہ وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کا قلمدان انہیں دیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے ملائیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب اور دیگر نام زیر غور ہیں، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ اپنی پسند پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سربراہ مقرر کریں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف نے سابق امیدوار این اے 131 حافظ فرحت کو ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار ہمایوں اختر کو کامیاب کرانے کا ٹاسک دیا ہے، نوجوان رہنما حافظ فرحت کو مرکزمیں اہم حکومتی ذمہ داری دیئے جانے کا بھی امکان ہے ، ضمنی انتخابات کے بعد انہیں کوئی سرکاری ذمہ داری سونپی جائے گی۔