لاہور: (دنیا نیوز) ضمنی الیکشمن 2018 کے دوران پاک فوج کی زیر نگرانی سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 1727 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، سب سے زیادہ بنوں کے این اے 35 میں 195 سٹیشنز حساس ہیں، 807 پولنگ سٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمشن کی جانب سے ووٹنگ کا عمل شفاف بنانے کیلئے پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی اہکار تعینات کئے گئے ہیں، اسلام آ باد کے حلقے این اے53 کے پولنگ اسٹیشنزمیں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ لاہور کے 4 حلقوں میں 15 ہزارپولیس افسران واہلکار تعینات جن میں 650 خواتین پولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔ لاہور کے حلقہ این اے 124 میں 131 پولنگ سٹیشنز حساس قرار دیئے گئے ہیں، 284 کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ این اے 131 میں 13 پولنگ سٹیشنز حساس، 229 بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ پی پی 165 کے 9 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 113 کو بی کیٹیگری دی گئی ہے۔ پی پی 164 میں 102 پولنگ اسٹیشنز بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ اےکیٹیگری پولنگ اسٹیشنز پر 2ہزار 754 اہلکار اور بی کیٹیگری پولنگ اسٹیشنز پر 9 ہزار 233 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کی ایک قومی اور9 صوبائی نشستوں پر الیکشن کا معرکہ جاری ہے جس کیلئے سینٹرل پولیس آفس میں الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے، سکیورٹی پلان کے تحت کوئیک رسپانس فورس ،بیک اپ، ریزرو اور بکتربند گاڑیاں الرٹ ہیں۔ 1 ہزار 649 پولنگ سٹیشنز میں 584 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر 12ہزار 148 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔