اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، وہ جوہری ہتھیاروں کی ڈور میں شامل نہیں ہوگا، مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازعے کی بنیادی وجہ ہے، دفاع کو مضبوط بنا کر ہی دیرپا امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا عالمی امن کو لاحق خطرات سے مل کر نمٹا جاسکتا ہے، پاکستان خطے کے تمام ممالک میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان جوہری ہتھیاروں کی ڈور میں شامل نہیں، جوہری ہتھیار صرف دفاع کیلئے ہیں۔
صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازعے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کشمیر سمیت تمام عالمی تنازعات کے حل میں کردار ادا کرے، ہمیں خطے میں سماجی اور اقتصادی ترقی پر توجہ دینی ہے۔
صدر عارف علوی نے عالمی امن کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیئے، دفاع کو مضبوط بنا کر ہی دیرپا امن قائم کیا جاسکتا ہے۔