اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف فلیگ شپ ریفرنس میں پیشی کیلئے عدالت پہنچ گئے جہاں لیگی رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی، واجد ضیاء نے نوازشریف کی کیپٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کا ریکارڈ پیش کر دیا.
فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں شروع ہو گئی، جس میں پیش ہونے کیلئے نوازشریف اسلام آباد پہنچے۔ عدالت آمد پر ن لیگی رہنماوں نے نوازشریف کا استقبال کیا۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کی۔ واجد ضیا نے دوران سماعت فلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ کی 2002 سے 2016 تک کی فنانشل سٹئٹمنٹ جمع کروا دیں۔ ہرسال کی سٹیٹمنٹ علیحدہ جمع کروائی گئی ہے۔ انھوں نے نوازشریف کی کیپٹل ایف زیڈ ای میں ملازمت کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔ عدالت نے نواز شریف کو حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دیدی جس کے بعد وہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔ وقفے کے بعد نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دستاویزات پر اعتراض لکھوایا۔
ذرائع کے مطابق فلیگ شپ ریفرنس میں لگائے جانے والے الزامات میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز فلیگ شپ کمپنی کے ڈائریکٹر تھے اور انھوں نے بیرون ملک مہنگی جائیدادیں خریدیں۔ ملزمان اپنے اثاثوں کی قانونی حیثیت ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ نواز شریف متعدد مواقع ملنے کے باوجود اثاثوں کے ذرائع ثابت کرنے میں ناکام رہے اور کرپشن کے مرتکب پائے گئے۔ نیب قوانین کے مطابق مذکورہ کرپشن کے باعث نواز شریف کا فعل قابل سزا جرم ہے۔