پاکستان کیلئے چین کی ترقی متاثر کن ہے: وزیر اعظم عمران خان

Last Updated On 02 November,2018 08:58 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے صدر شی جن پنگ کا وژن اور لیڈرشپ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کیلئے چین کی ترقی متاثر کن ہے، جس طرح چین نے بدعنوانی اور غربت کا خاتمہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پاکستان غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے چین سے سیکھنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، وفاقی وزرا میں اسدعمر، شاہ محمود قریشی، خسروبختیار، شیخ رشید، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، سیکریٹری خارجہ اور پاکستانی سفیر شامل ہیں۔ وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر چین کے صدر سے اظہار تشکر کیا۔

 

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا دو طرفہ مضبوط تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے، دونوں ممالک کی شراکت داری خطے کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماوں نے خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی شرکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
 
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں سی پیک کے لیے اضافی پیکج ملنے کا امکان ہے جبکہ گوادر میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ چین سے ڈیڑھ ارب ڈالرز گرانٹ کی شکل میں بھی مل سکتے ہیں۔
 

 

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین میں سی پیک کے لیے تین ارب ڈالر کا اضافی پیکج مل سکتا ہے۔ گوادر میں 300 میگاواٹ کا پاور پلانٹ جبکہ سمندر کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے لیے پلانٹ لگانے کے منصوبوں کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

‏چین سے ڈیڑھ ارب ڈالرز قرض ملنے کی بھی توقع ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔ دوست ملک چین سے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالرز کی گرانٹ ملنے کا بھی قوی امکان ہے۔