مولانا سمیع الحق کی زندگی پر ایک نظر

Last Updated On 02 November,2018 08:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق مذہبی جماعتوں کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے، طالبان رہنما ملا عمر کے استاد تھے، کالعدم ٹی ٹی پی کے پولیو مہم کے خلاف بچوں کو قطرے پلانے کے حق میں فتویٰ بھی جاری کیا۔

جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق 18 دسمبر 1937ء اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے، اپنے والد مولانا عبدالحق کے دارالعلوم حقانیہ سے تعلیم حاصل کی۔

ان کا شمار پاکستان کے مذہبی سکالرز، عالم دین اور سیاستدانوں میں ہوتا ہے، جمعیت علمائے اسلام کے دو گروپ بننے پر سمیع الحق گروپ کی بنیاد رکھی۔

وہ متحدہ مجلس عمل کے بانی رکن اور حرکت المجاہدین کے بھی بانی تھے۔ طالبان کے رہنما ملا محمد عمر ان کے شاگردوں میں شامل تھے۔ مولانا سمیع الحق دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور سربراہ تھے۔

وہ 1985ء سے 1997ء تک سینیٹ کے رکن رہے۔ مولانا متحدہ دینی محاذ کے بانی اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔ مولانا سمیع الحق طالبان کے دوبارہ اقتدار کی حمایت کرتے رہے۔

دسمبر 2013ء میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کو غیر اسلامی قرار دینے اور مولانا سمیع الحق نے پولیو کے حفاظتی قطروں کی حمایت میں ایک فتوی ٰ جاری کیا۔
 

Advertisement