اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے ماہ ربیع الاول سرکاری طور پر شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ حکومت نے ربیع الاول کا مہینے سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ مقدس مہینہ شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور اس ماہ کے لیے وفاقی وزارت اطلاعات نے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دے دیئے ہیں، رحمتہ اللعالمینﷺکانفرنس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
ادھر رحمتہ اللعالمین ﷺ کانفرنس کے انعقاد کے لئے تیاریاں کا آغاز کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی زیرصدارت آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عید میلادالنبیﷺ کی تیاریوں کو مربوط بنانے کیلئے تجاویز اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان، معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی شریک ہوئے۔
نورالحق قادری نے کہا عید میلادالنبیﷺ شایان شان انداز میں عقیدت و احترام سے منائیں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا رحمتہ اللعالمین ﷺکانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کو ہوگی۔ فواد چودھری نے کہا حضرت محمد ﷺ کی عظمت اور حرمت ہر مسلمان پر فرض ہے، 12 ربیع الاول پر جلوسوں کی خصوصی کوریج کا اہتمام کیا جائے گا۔